عوام عمران نیازی کے جھوٹ اور مکر کو جان گئے ہیں۔احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبا ل نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے و دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کے30فیصد امیدواروں کی اورپی ٹی آئی کے 70فیصد مخالف امیدواروں کی کامیابی پہ فتح کے شادیانے بجانے کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکنے اور سر شرم سے جھکانے کی ضرورت ہے۔ عوام عمران نیازی کے جھوٹ اور مکر کو جان گئے ہیں۔ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے سوموار کے روز پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے ردعمل میں کیا جس میں فواد چوہدری کی جانب سے آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دومرحلوں کے نتائج کے حوالہ سے ایک چارٹ شیئر کیا گیا تھا جس کے مطابق پی ٹی آئی نے کل 1544نشستوں میں سے 440نشستیں جیتی ہیں۔جبکہ آزاد امیدواروں نے370،(ن)لیگ262، پی پی پی 311اور دیگر جماعتوں نے 101نشستیں جیتی ہیں۔ جبکہ اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ31سال بعد آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہوئے وفاقی حکومت نے کیا نہیں کرلیا افسران لگائے، پیسہ ڈالا دبا ئوڈالا گیااور یہ ہیں ان انتخابات کے نتائج، تحریک انصاف کا مقابلہ آزاد امیدواروں سے ہوا ، نواز شریف اور زرداری کا بوجھ اتنا زیادہ ہے کہ دونوں جماعتیں اس بوجھ میں دب چکی ہیں۔جبکہ احسن اقبال کے بیان پر فواد چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال کے بیان کا اخلاقی سبق یہ ہے کہ بندہ ڈھیٹ ہونا چاہیئے۔