لاہور ہائیکورٹ: عمران خان کی سائفر آڈیو لیک معاملے پر طلبی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سائفر آڈیولیک معاملے پر تحقیقات کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) میں طلبی کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس کو رجسٹرار آفس نے سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال 6 دسمبر کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواست میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان ایک ایمان دار، باعزت شہری اور ملک کی نامور شخصیت ہیں۔کہا گیا ہے کہ عمران خان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کے خلاف ایک خطرہ بن چکی ہے۔لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بطور وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان سے نکلنے میں کامیاب کردار ادا کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے سائفر پیغام کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے اور اس معاملے پر بیان قلم بند کروانے کے لیے 6 دسمبر کو طلب کر رکھا ہے۔