عدالت نے سارہ انعام قتل کیس میں مرکزی ملزم شاہنواز اور ان کی والدہ پر فرد جرم عائد کردیا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سارہ انعام قتل کیس میں کے مرکزی ملزم شاہنواز اور ان کی والدہ پر فرد جرم عائد کردیا۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج عطا ربانی نے سماعت کی جہاں ملزم شاہنواز اور ان کی والدہ ثمینہ شاہ کو پیش کیا گیا جہاں دلائل کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم شاہنواز اور ان کی والدہ ثمینہ شاہ پر فرد جرم عائد کردیا۔مرکزی ملزم شاہنواز کی والدہ نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں فرد جرم عائد ہونے سے قبل ان کا کیس ڈسچارج کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس کو مسترد کردیا گیا۔جج عطا ربانی نے ثمینہ شاہ کی درخواست پر سماعت کی اور ثمینہ شاہ اپنے وکیل نثار اصغر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئی۔ان کے وکیل نے دلائل دیے کہ پولیس نے چالان میں لکھا ہے کہ ثمینہ شاہ کی موجودگی پائی گئی عمل دخل نہیں پایا گیالہٰذا جب پراسیکیوشن کا کیس ہی ان کے خلاف نہیں تو ان کو کیس سے ڈسچارج کریں۔