قومی ائیرلائنز انتظامیہ کی جانب سے مشکلات سے دوچار مسافروں کا مذاق اڑایا جانے لگا
پی آئی اے حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کنفرم ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کو نجی ائیرلائنز کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں انہیں اپنے کنفرم ٹکٹ کی تجدید کرانا ہو گی۔ اس اعلان کے بعد سے مشکلات کا شکار مسافر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اندرون ملک سفر کیلئے کنفرم ٹکٹ پر نجی ائیر لائنز سے سفر کی سہولت کے پیش نظر کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا گیا۔۔پی آئی اے کے تمام دفاتر بند ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اِدھر نجی ائیر لائنز نے بغیر تجدید کیے ٹکٹ رکھنے والے مسافروں کو لے جانے سے انکار کر دیا ہے۔۔اگر کسی نے تگ و دو کر کے تجدید کروا بھی لی تو نجی ائیرلائنز کے ذریعے سفر کرنا پھر بھی یقینی نہیں ہے، کیوں کہ نجی ائیرلائنز کی انتظامیہ نے جگہ ہونے کی صورت میں ہی مسافروں کو لے جانے کی شرط رکھ دی ہے۔