مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ تمام دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ موجودہ تحریک کشمیریوں کی اپنی تحریک ہے
یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں مشیر خارجہ نے کہا ہے کہ آٹھ جولائی کو نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی ماورائے عدالت شہادت نے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔ یہ دن کشمیریوں کی تاریخ جدوجہد میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ آٹھ جولائی کے بعد تحریک اذادی شدت پکڑ گئی، بھارتی قابض افواج کے جانب سے کشمیریوں پر طاقت کا بے رحمانہ استعمال کیا گیا جس سےایک سو پچاس سے زائد کشمیری شہید، بیس ہزار سے زائد زخمی جبکہ کئی سو بینائی سے محروم ہوئے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی بربریت کیخلاف کشمیری نوجوانوں کا حق خودارادیت کے حصول کا عزم مزید مستحکم ہوا ہے حتی کہ اب معروف بھارتی رہنما اور بھارتی میڈیا کا ایک حصہ بھی اس بربریت کے خلاف اپنی آوازیں بلند کر رہا ہے۔