اہل پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیریوں کا بچہ بچہ آزادی کی شمع لے کر آگے بڑھ رہا ہے: شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کشمیر کیلئے ستر سال سے جنگ لڑرہے ہیں۔ کشمیر کے مسئلے پر کبھی د و رائے نہیں رہی۔ اہل پاکستان اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سیاسی معاملات اپنی جگہ ہیں لیکن کشمیر کے معاملے پرسب کو اکٹھے رہنا چاہیے۔ متحد ہونے سے کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔ انکا کہنا تھا کہ پاک فوج اور کشمیری بہن بھائی ایل او سی پر قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم وستم کا ہرحربہ آزمالیا۔ کشمیریوں کا بچہ بچہ آزادی کی شمع لے کر آگے بڑھ رہاہے۔ کشمیرپالیسی ہمارے سینوں میں محفوظ ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی بجٹ دوگنا کر دیا ہے۔سی پیک میں مظفر آباد میرپور سڑک منصوبہ نواز شریف کی دلچسپی سے شامل ہوا۔ کشمیر کے الیکشن میں وفاقی حکومت کی کوئی مداخلت نہیں تھی۔ سیاسی،سفارتی اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔