موٹرسائیکل اور چنگ چی رکشہ میں تصادم، 14 سالہ لڑکا جاں بحق،بھائی اور والدہ زخمی
لاہور کے نواحی علاقہ رائیونڈ سٹی میں موٹرسائیکل اور چنگ چی رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں 14 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ اس کا بڑا بھائی اور والدہ شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز واقعہ رائیونڈ مانگا روڈ پر اس وقت پیش آیا جب موٹرسائیکل سوار خاندان تیز رفتاری کے باعث چنگ چی رکشہ سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 14 سالہ حمزہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا بڑا بھائی عامر اور والدہ زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جنرل اسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب پولیس نے جاں بحق حمزہ کی میت ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہے۔