جنوبی افریقہ کا مشہور شکاری” پیرو جیلنک “ نامعلوم شخص کی گولی لگنے سے ہلاک
جنوبی افریقہ کا مشہور شکاری” پیرو جیلنک “شکار کے دوران نامعلوم شخص کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق پیرو جیلنک جس نے اپنی زندگی کے دوران بے شمار جانوروں کو شکار کیا،ِِِِاس کے بارے میں لوگوں کا کہنا ہے کہ شایدہی کوئی ایسا جانور ہو جس کا شکار پیرو جیلنک نے نہ کیا ہو۔گزشتہ روز وہ جنوبی افریقہ کے ہی ایک علاقے میں شیرو ںکے شکار پر نکلا، ایک دو شیروں کاشکار بھی کیا اور اب کسی اورکا نشانہ لے رہا تھا کہ کہیں سے اڑتی ہوئی ایک گولی اسے آلگی اور وہ ہلاک ہوگیا۔ پولیس نے 75سالہ شکاری کی ڈرامائی ہلاکت کے بارے میں چھان بین شروع کردی ہے تاہم اس کا کہناہے کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ گولی کہاں سے آکر اسے لگی اور فائرنگ کس نے کی تھی۔ واضح ہو کہ پیرو بہت مشہور شکاری تھا، اسے کروشیا میں ہونے والے شکار کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں ٹرافی بھی ملی تھی۔اخبارات اور دیگر ذرائع ابلاغ نے اس کی موت کو شکار کی دنیا کا بڑا سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس نسل کے شکاری شاید ہی اب دیکھے جائیں۔ پیرو کی عمر 75سال ہونے کے باوجود اس کی نظر بہت تیز تھی،اس کا نشانہ کبھی خطا نہ ہوااور وہ شکار کے دوران زبردست چستی اورچالاکی کا مظاہرہ کرتا تھا۔