یوم یکجہتی کشمیر:پورا پاکستان بھارت کے خلاف سراپا احتجاج
یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر کراچی سے کشمیر تک عوام بھارت سے نفرت اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کررہے ہیں، عوام کشمیر پر بھارت کے غاضبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں اور بھارتی ترنگے نذر آتش کررہے ہیں۔ اسلام آباد تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراسلام آباد کے ڈی چوک میں تقریب کااہتمام کیا گیا،تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے وزیرامور کشمیر علی امین گنڈاپورکے ساتھ کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل قراردادوں کے نفاذ سے مسلسل انکاری ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے کردارادا کرے۔ لاہور لاہور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے،چئیرنگ کراس مال روڑ پر سیاسی ،مذہبی اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا، مال روڑ پر کشمیر ڈے کے حوالے سے بینرز بھی آویزاں کئے گئے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ کراچی ملک کے دیگر شہروں کی طرح شہر قائد میں بھی یوم کشمیر کے حوالے سے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پشاور اسی طرح پشاور میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئی، کشمیر فرنٹ اور موٹروے پولیس کی جانب سے نکالی جانے والی ریلیوں میں کشمیریوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا،ریلی میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ کوئٹہ ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی یوم یکجہتی منایا جا رہا ہے آج کی دن کی مناسبت سے مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہے،کچلاک سے یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی روانہ ہوچکی ہے۔ گلگت بلتستان گلگت بلتستان میں خون جما دینے والی سردی کے باوجود عوام کی بڑی تعداد مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں باہر نکل آئے، گلگت کے علاقے حمید گڑھ سے ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل احسان محمود ، ڈپٹی کمشنر،سیاستدانوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاسے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ مظلوم کشمریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، اس موقع پر شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور کشمیریوں کوآذادی دینے کا مطالبہ کیا، بعد ازاں بھارتی ترنگا اورمودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ آزاد کشمیر کے علاقوں راولاکوٹ، عباس پور اور گردونواح میں یوم یکجہتی کشمیر پرعوام کا جوش و جذبہ قابل دید رہا، عوام کی بڑی تعداد نے مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ، انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائیں اور بھارت سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا ترنگا نذر آتش کیا