پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آج کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے,کسی قوم کو فوجی طاقت سے زیر نہیں کیا جاسکتا:یاسین ملک
جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین یاسین ملک نے بھارتی قابض فوج کی کشمیر میں مظالم پر بین الاقوامی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر کہا ہے کہ عالمی برادری کو سمجھ آ گیا کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات ہیں ، کسی قوم کو فوجی طاقت سے زیر نہیں کیا جاسکتا ، تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہوسکتا ہے،کشمیر میں بھی آپریشن چل رہا ہے، یہاں بھی بچوں سے لے کر بزرگوں اور عورتوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا۔یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے یاسین ملک نے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ری پاکستان قوم اپنا کاروبار معطل کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کررہی ہے، میں پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ آج کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں بین الاقوامی برادری سے کہوں گا کہ آپ ہی نے کہا تھا کہ افغانستان کے مسئلے کا صرف فوجی حل ہے؟ لیکن آج یہی بین الاقوامی برادری افغانستان میں امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کر رہی ہے کیونکہ انہیں سمجھ آگیا ہے کہ کسی قوم کو فوجی طاقت سے زیر نہیں کیا جاسکتا بلکہ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ہوسکتا ہے۔یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر میں بھی آپریشن چل رہا ہے، یہاں بھی بچوں سے لے کر بزرگوں اور عورتوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا، یہاں پیلیٹ گنز کا استعمال کیا جارہا لیکن بین الاقومی برادی نے کشمیر کے معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔انہوں نے کہاکشمیری عوام بھی انسان ہیں، لہذا اگر بین الاقوامی برادری دنیا میں امن قائم کرنا چاہتی ہے تو جس طرح وہ افغانستان میں امن کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس ہی طرح کشمیر کے مسئلے کا بھی حل تلاش کرنا چاہیے تاکے جنوبی ایشیا میں حقیقی امن سامنے آئے۔