حکومت کی طرف سے ڈیل کی بات کی جا رہی ہے،حکومت بتائے کس سے ڈیل ہو رہی ہے؟: رانا تنویر
لاہور:مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا تنویر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے ڈیل کی بات کی جا رہی ہے، کس سے ڈیل ہو رہی ہے یہ بھی بتائیں؟رانا تنویر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عیادت کے لیے سروسز اسپتال پہنچے،اس موقع پر میڈیا سے انہوں نے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں، ان کے خاندان کے لوگوں کو تشویش ہے، چاہتے ہیں کہ میاں صاحب کا بیرون ملک علاج ہو، ڈاکٹر ان کی ہسٹری جانتے ہیں۔رانا تنویر نے یہ بھی کہا کہ وزرا ء کے بیانات اخلاق سے گرے ہوئے ہیں، میاں صاحب پہلے ہی تکلیف میں ہیں، حکومتی وزرا مزید تکلیف دے رہے ہیں۔سابق وزیر نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب کی رپورٹس تسلی بخش ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں کوئی تکلیف نہیں۔