پیشہ ورانہ غفلت کا الزام، تحصیل اسپتال چیچہ وطنی کے ایم ایس معطل
تحصیل اسپتال چیچہ وطنی کے ایم ایس ڈاکٹر شاہد رسول کو پیشہ ورانہ غفلت کے الزام پر معطل کر دیا گیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم ایس تحصیل اسپتال چیچہ وطنی ڈاکٹر شاہد رسول کو وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر معطل کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہدایت کی ہے کہ اسپتال میں انفیکشن کنٹرول کمیٹی کو فعال بنا کر میڈیکل ویسٹ کو ایس او پیز کے تحت تلف کیا جائے۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مریضوں کے علاج میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی اور سرکاری اسپتالوں کی مانیٹرنگ کا عمل جاری رہے گا۔