منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے: وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری منزل اور سوچ ایک ہے اور منزل کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 5 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی ریلی میں چیئرمین سینیٹ وفاق کی نمائندگی کر رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی منتخب نمائندگان کی نمائندگی کے لیے آئے ہیں، ممبران پارلیمنٹ بھی ریلی میں تشریف لائے ہیں، سب لوگ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری 18 ماہ سے لاک ڈاؤن اور آرمی حصار میں مبتلا ہیں، بھارت میں اتنا حوصلہ نہیں کہ کشمیریوں کو مسجد میں جانے دیں، بھارت کو خطرہ ہے کہ جہاں چند لوگ ہوں گے ان کی پالیسوں کے خلاف بات کریں گے۔