سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کرگئے

سابق صدر پرویز مشرف طویل علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، سفارتی ذرائع نے سابق صدر کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے۔ سابق صدر کے اہلخانہ نے بھی جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کر دی ہے، اہلخانہ کے مطابق پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا۔ عسکری ذرائع کی جانب سے بھی سابق صدر کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی گئی ہے، قوی امکان ہے کہ سابق آرمی چیف کے جسد خاکی کو پاکستان لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف 18 مارچ، 2016 سے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں علاج کی غرض سے مقیم تھے۔