بانی چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی نواسی ویں سالگرہ منائی جا رہی ہیں
ذوالفقار علی بھٹو کے 89ویں یوم پیدائش پر ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے تحت سالگرہ کی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے جن میں کیک کاٹے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین اور مقامی رہنما ملک و قوم کیلئے خدمات پر سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ بانی پارٹی چئیرمین کی سالگرہ کے سلسلے میں بیرون ملک بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ ذوالفقار علی بھٹو 5جنوری 1928ءکو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے وزیر خارجہ، وزیراعظم اور صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔ ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد سیاسی رہنما تھے جنہوں نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر غریب کے گھروں تک پہنچایا۔انیس سو اکتہر میں مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد وہ پاکستان کے صدر اور سول مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر بنے۔ 1973ء میں آئین کی منظوری کے بعد وہ وزیراعظم بن گئے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1974ء میں اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی اور قادیانیوں کو دائرہ اسلام سے خارج کرنے کا فریضہ سرانجام دیا۔ انہوں نے ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھی اور صنعتوں کو قومی تحویل میں لیا1977ء کے عام انتخابات میں چند نشستوں پر دھاندلی کا الزام لگا کر وزیراعظم بھٹو کیخلاف احتجاجی تحریک شروع کی گئی۔ اپوزیشن اور حکومت کے مابین معاملات طے نہ پانے اور ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پر جنرل ضیاءالحق نے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔ ذوالفقار علی بھٹو قومی تاریخ کے واحد وزیراعظم ہیں جنہیں عدالتی حکم پر 4اپریل 1979ء کو پھانسی دی گئی۔