یہ تبدیلیوں کا سال ہے، پاکستان ریلوے میں بھی تبدیلیاں آئیں گی
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری زندگی کا اصول ہے کہ نمبر ون سے دوستی کرتا ہوں اور نمبر ون سے ہی دشمنی کرتا ہوں، دنیائے سیاست کے سب سے بڑے ڈاکو کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا، چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کا تقرر پی ٹی آئی کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا لیول فالودہ والا، گول گپے والا تھا، مجھے خدشہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو پھنسایا گیا، کرپشن پر بات کروں تو میرے پیچھے میراثی چھوڑ دیتے ہیں،جس جس آدمی کا کیس ہو، اس پر 30مارچ سے پہلے جھاڑو پھرے گی۔ہفتہ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ جس کا مورل کریکٹر نہ ہو، جس پر لاتعداد کیسز ہوں، اس چور کو چوکیدار نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے ریلوے سے متعلق کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت کی ہے، اس سال کے آخر تک 20نئی ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کی جا رہی ہے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں سے گزشتہ ماہ 6کروڑ روپے جرمانے کی مد میں وصول کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلائی جارہی ہیں، ریڈیو پاکستان ریلوے بھی شروع کیا جارہا ہے، جس کا لائسنس حاصل کیا جارہا ہے، اس ایف ایم ریڈیو چینل میں خبریں اور انٹرٹینمنٹ ہوگی۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ تبدیلیوں کا سال ہے، پاکستان ریلوے میں بھی تبدیلیاں آئیں گی، فوڈ ڈپارٹمنٹ نے اپنی عدالت لگائی ہوئی ہے، غریبوں کی دکانیں بند کررہے ہیں۔