شہید بھٹو اور بی بی کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے، بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اورپاکستان کے نویں وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا 91 واں یوم پیدائش منایا گیا۔گڑھی خدابخش میں مرحوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی گئی ۔کراچی سمیت صوبے بھر میں سالگرہ تقریبات منعقد ہوئیں اور سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔اس موقع پر اپنے پیغامات میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو غیر معمولی زرخیز ذہن کے مالک تھے، ان کے اور بی بی کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو کے نظریے پر سختی سے کاربند رہنا میرا نصب العین ہے، انہوں نے 90ہزار جنگی قیدیوں کو بھارت سے آزاد کرایا،ہزاروں میلوں پر محیط پاکستانی زمین بھارتی قبضے سے واگزار کرائی۔پاکستان کے جوہری پروگرام کی بنیاد بھی ذولفقارعلی بھٹو نے رکھی، عدالتی قتل سے عوام عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی۔