آصف زرداری، فریال تالپور کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش
جعلی اکاونٹ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جعلی اکاونٹ اور منی لانڈرنگ کیس میں جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں نئی سفارشات جمع کرواتے ہوئے آصف زرداری، فریال تالپور، اومنی گروپ اور زرداری گروپ کے اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی۔ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ زرداری اور اومنی گروپس نے غیر قانونی اثاثے بنائے، سرکاری فنڈز میں بے ضابطگیاں کیں اور کمیشن لیا۔دونوں گروپس نے غیر قانونی پیسہ حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیا جس کے شواہد موجود ہیں، لہذا عدالت سے استدعا کی جاتی کہ دونوں گروپس کی ماتحت مختلف کمپنیوں کے اثاثے منجمد کردیے جائیں۔ جے آئی ٹی نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان اثاثوں کے بیرون ملک منتقل ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے احتساب عدالت کے فیصلے تک ان اثاثوں کو منجمد رکھا جائے۔جے آئی ٹی نے عدالت سے درخواست کی کہ ایس ای سی پی کو زرداری اور اومنی گروپ کے ڈائریکٹرز کی تبدیلی روکنے کا حکم دیا جائے۔ جے آئی ٹی نے آصف زرداری، فریال تالپور اور زرداری گروپ کی تمام شہری و زرعی اراضی، نیویارک اور دبئی کی جائیدایں، کراچی اور لاہور کے بلاول ہاوسز، زرداری ہاوس اسلام آباد، اومنی گروپ کی تمام شوگر ملز، زرعی و توانائی کمپنیز سمیت تمام اثاثے منجمد کرنے کی سفارش کردی۔