ننکانہ واقعہ عالمی میڈیا میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا:وزیرداخلہ اعجاز شاہ
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، ننکانہ واقعے کو عالمی میڈیا میں توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ ننکانہ صاحب پہنچے جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور بھائی چارے کے دشمنوں نے گھناونی سازش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور ہماری ہمدردیاں سکھ کمیونٹی کے ساتھ ہیں، واقعہ کے تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں پیش آئے افسوس ناک واقعہ کا مقدمہ درج ہو چکا ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت سب کا محبت و بھائی چارے سے رہنا دنیا کیلئے مثال ہے، اخوت کی اس فضا کے خلاف سوچنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں، عوام کی خدمت میں رخنہ ڈالنے والوں سے نمٹ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کیخلاف اقدامات پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔واضح رہے کہ 2 روز قبل ننکانہ صاحب میں 2 مسلم گروہوں کے مابین ہاتھا پائی اور جھگڑے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں گروپوں کے افراد کو گرفتار کر لیا۔ایک گروپ کے افراد نے اس معاملے کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی، گوردوارہ جنم استھان کے سامنے احتجاج کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔