وزیراعظم سے وزیر صحت پنجاب کی ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں یاسمین راشد نے پنجاب بھر میں 2 کروڑ 22 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کے اجرا میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ اس سال کے آخر تک صوبے بھر میں فی خاندان 7 لاکھ 29 ہزار روپے کے ہیلتھ کارڈ کا اجرا مکمل کر لیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ سے سرکاری اور پینل پر موجود اسپتالوں سے علاج کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بنیادی صحت کی سہولیات تک ہر شہری کی رسائی اولین ترجیح ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ وسائل کی عدم دستیابی پر کوئی غریب گھرانہ علاج سے محروم نہ رہے۔