عالمی برادری کشمیریوں کو حقِ خودارادیت کی فراہمی کیلئے کارروائی کرے،عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کے لیے کارروائی کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر یوں کے یوم حق خود ارادیت کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی، ہم اس دن کو اقوام متحدہ اور اس کی رکن ریاستوں کو اہلِ کشمیر سے باندھے گئے اس ادھورے عہد کی یاد دہانی کے طور پر مناتے ہیں جس کا نبھایا جانا ابھی باقی ہے،73برس تک ظالمانہ بھارتی تسلط کا جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر نسل در نسل اپنے اس ناقابلِ انتقال حقِ خودارادیت، جسکی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی جانب سے دی گئی ہے، کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخِ جدید کے سب سے بے رحم، غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں اہل کشمیر کیساتھ بالکل واضح اور غیر مبہم انداز میں کھڑا ہے،ہم عالمی برادری سے ملتمس ہیں کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بے دھڑک پامالیوں، جن کی تفاصیل بہترین انداز میں مرتب کی جاچکی ہیں کیخلاف اور اہلِ کشمیر کو انکے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کیلئے کارروائی کریں۔