فرانس یورپ کا اومیکرون سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا۔
کورونا کی نئی قسم اومیکرون میں تیزی نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر رکھا ہے۔ جس کے اثرات اب یورپ میں بھی سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ فرانس میں روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ہونے والے کیسز نے برطانیہ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ فرانسیسی ہیلتھ اتھارٹی کے بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 71 ہزار 6 سو 86 تک پہنچ گئی ہے جو اب تک کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اِس صورتحال میں فرانس یورپ کا اومیکرون ویریئنٹ سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے جبکہ یورپ بھر میں اومیکرون نے تباہی مچا دی ہے۔ گزشتہ ہفتے فرانس میں نئے کورونا کیسز کی کُل تعداد 1 لاکھ 60 ہزار تھی جو پچھلے 4 دنوں میں 2 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔ فرانس کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا وبا کے آغاز سے اب تک فرانس 10 لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ کرنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن چکا ہے۔ فرانسیسی وزیر صحت اولیویئر ویرن نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ کورونا کی شدید لہر ہم پر حملہ آور ہو چکی ہے لیکن ہم اپنے حواس بحال رکھیں گے۔ فرانسیسی قانون سازوں نے کورونا وائرس کے روز افزوں بڑھتے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی مقامات میں داخلے سے قبل زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کے قانون کا مسودہ تیار کرنا شروع کردیا ہے۔ اگر یہ قانون عمل میں آگیا تو پھر فرانس میں موجود ہر شخص کے لیے کورونا ویکسین شدہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔ منفی پی سی آر رپورٹ یا کورونا وائرس سے صحتیابی کا ثبوت کافی نہیں ہوگا۔ اِس نئے قانون کو لانے کا مقصد فرانس کے 50 لاکھ سے زائد غیر ویکسین شدہ افراد کو ویکسین لگانا ہے۔