وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے
وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں خود کش حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اورعوام سعودی عرب میں دہشت گردی پرغم زدہ ہیں۔ ہماری دعائیں متاثرہ افراد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ امت مسلمہ اورعالمی برادری کو دہشت گردی کےخلاف متحد ہونا ہوگا۔ آرمی چیف جنرل راحیل نے بھی سعودی عرب میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی مذمت کی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کے عوام کے ساتھ ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے بم دھماکے سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ ادھرترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ یا قطیف میں کسی پاکستانی کی ہلاکت یازخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ پاکستانی سفارتخانہ سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔