معرکہ کارگل کے عظیم قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان کا اٹھارہ واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے

کرنل شیر خان شہید نے انیس سو چورانوے میں پاک فوج میں شمولیت اختیارکی۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کی جنگ میں لازوال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے۔ شیر خان شہید نے اپنے جوانوں کے ہمراہ گلتری اور وادی مشکوش کے گرد حفاظتی چوکیاں قائم کیں اور جواں مردی سے چوکیوں کا دفاع کیا
کارگل کے محاذ پر شیر خان شہید نے اپنے اکیس ساتھیوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں بھارتی سپاہیوں پر حملہ کیا اور انہیں شدید نقصان پہنچایا جس کے بعد بھارتی فوجیوں نے کرنل شیر خان شہید کا گھیراؤ کرنا شروع کردیا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کو کہا۔ لیکن دلیری اور شجاعت کا پیکر کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا اور دشمن نے انہیں شہید کردیا
کارگل کے معرکے میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کردیا کہ بہادری میں پاک فوج کا کوئی ثانی نہیں۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری اور شجاعت کے اعتراف میں انہیں اعلی ترین فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔ شیر خان شہید کی شجاعت کا اعتراف بھارت نے بھی کیا۔