حکومت اور اداروں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بڑے نقصان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے:قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ

اسلام آباد سے جاری بیان میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کے اندرونی و بیرونی حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ہم صورتحال کو مزید کشیدگی میں رکھیں،بہتر ہوگا کہ وزیراعظم جلد ایسا فیصلہ کریں جس سے جمہوریت، ملک اور قوم ان حالات سے نکل کر آگے بڑھ سکے۔ موجودہ حالات سے نہ صرف ملکی معیشت متاثر ہورہی ہے بلکہ پاکستان کی ساکھ پر بھی حرف آرہا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم خود نشاندہی کر چکے ہیں کہ انکی حکومت کے خلاف سازش ہورہی ہے مگر انہوں نے اس سازش کی وضاحت نہیں کی۔ بطور وزیراعظم ان پر فرض ہے کہ وہ قوم کو حقائق سے آگاہ کریں۔ کٹھ پتلیوں کا کھیل اور سازش پانامہ سے بڑا معاملہ ہے۔ اور اگر وزیراعظم نے سازش کو بے نقاب نہ کیا تو سمجھا جائے گا کہ وہ پانامہ کیس کو الجھانے کیلئے ایسی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ پانامہ کیس حتمی فیصلہ آنے تک وزیراعظم اقتدار سے الگ ہو جاتے اورادارے آزادانہ اپنا کام کرتے۔ لیکن حکومت ملک و قوم سے بے خبر دن رات اپنے بچاؤ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ حکومت کی بے خبری ریاست کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔