کراچی ،لاہور اور پنجاب کے بعض علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار
کراچی ،لاہور میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق علی الصبح کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون، ناظم آباد، سائٹ، صدر، شارع فیصل اورلیاقت آباد میں بوندا باندی ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد، بہادرآباد، طارق روڈ، نمائش چورنگی اور دیگر علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی۔بوندا باندی کے بعد سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سواروں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے، کراچی کے بعض علاقوں بارش سے بجلی معطل ہو گئی ، بجلی کی بحالی کا کام جاری رہا ۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث چند علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل جاری ہے، صارفین سے پریشانی کے لئے معذرت خواہ ہیں ۔لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں قصور ، گجرات اور بعض مقامات پر کہیں موسلا دھار بارش اور کہیں رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ میرپور آزاد کشمیر میں بھی بادل خوب برسے۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ہلکی ٹھنڈی ہواں کے لطیف جھونکوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے مزید بارش برسنے کی نوید سنا دی ہے۔ میرپور آزاد کشمیر سمیت گردونواح میں موسلا دھار بارش سے جھل تھل ایک ہو گیا۔