بابر اعظم نے جاوید میانداد کا ورلڈ کپ ریکارڈ اپنے نام کر لیا
لندن(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے بابر اعظم نے سابق کپتان جاوید میانداد کا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ بابر اعظم نے انگلینڈ میں کھیلے جانے والے عالمی کپ مقابلوں کی 8 اننگز میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 474 رنز سکور کیے۔ جبکہ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے 1992ء کے عالمی کپ مقابلوں کی 9 اننگز میں پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 437 رنز سکور کیے تھے جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا ورلڈ کپ میں زیادہ سے زیادہ سکور تھا۔ بابر اعظم نے جاوید میانداد کا ریکارڈ ورلڈ کپ 2019ء میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری لیگ میچ میں 96 رنز کی اننگز کھیل کر اپنے نام کر لیا۔