لوڈ شیڈنگ کے معاملے میں پنجاب کیساتھ سوتیلوں جیسا سلوک بند ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ شہباز شریف
وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف کا بہاولپور میں قائم کیمپ آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی کی مساویانہ تقسیم تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اپنا احتجاج جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ لوڈشیڈنگ میں امتیازی سلوک کے باعث معیشیت کو چارسوارب روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ حکمران بھی ملکی وسائل کو بےدردی سے لوٹ رہے ہیں۔ اس سے قبل انتظامیہ اوراراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھ کر عوام کے مسائل کی بات کرنا ان کے ساتھ مذاق کرنے کے مترادف ہے اورمجرموں کی سرپرستی کرنے والے بھی برابر کے مجرم ہیں اور زرداری ٹولے نے حالات کے تیورنہ پہچانے تو وقت سب کچھ بہا کر لے جائےگا۔ اجلاس میں اراکین نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجاً کالی پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔ اس سے پہلے وزیراعلٰی پنجاب نے بہاولپور میں چار سو بستروں پر مشتمل زیرتعمیر ہسپتال کا معائنہ بھی کیا۔ چار ارب پچیس کروڑ روپے لاگت کے اس منصوبے کا افتتاح رواں سال چودہ اگست کو کیاجائےگا۔