نظام فلکیات کا سیارہ زہرہ کل طلوع آفتاب سے صبح نو بجکر پچاس منٹ تک زمین اور سورج کے درمیان سے گذرے گا ،عوام یہ منظر براہ راست دیکھنے سے گریز کریں ورنہ بینائی سے مستقل محروم ہوسکتے ہیں۔

قومی خلائی ایجنسی سپارکو کے مطابق چھ جون دو ہزار بارہ صبح طلوع آفتاب سے لیکر صبح نوبجکر پچاس منٹ تک فلکیاتی نظام کا سیارہ زہرہ سورج اور زمین کے درمیان موجود رہے گا۔ اس منظرکا پاکستان سمیت بحراوقیانوس، یورپ، مشرقی افریقہ مغربی اور وسطی ایشیا، مغربی آسٹریلیا، شمالی امریکا اورشمال جنوبی امریکا کے بیشترممالک میں دیکھا جائے گا۔ یہ عمل چھ گھنٹے چالیس منٹ تک جاری رہے گا تاہم پاکستان میں طلوع آفتاب سے ہی اس کے وقوع پذیر ہونے کے باعث یہ منظر آدھا دیکھا جا سکے گا۔ اب تک زہرہ کے سورج اور زمین کے درمیان چکرکا سات بارمشاہدہ کیا جا چکا ہے اور یہ ایک صدی میں دو دفعہ ہی وقوع پذیر ہوتا ہے۔ آخری بار یہ منظر آٹھ جون دو ہزار چار کو دیکھا گیا تھا تاہم کل کے بعد اسے ایک سو پانچ سال بعد آٹھ دسمبر اکیس سو سترہ میں دیکھا جا سکے گا۔ سپارکو نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ زہرہ کے سورج اور زمین کے درمیان سے گذرنے کے منظر کو براہ راست نہ دیکھا جائے بلکہ مناسب دوربینوں اور دیگر آلات کا استعمال کیا جائے ورنہ مستقل طور پر بینائی سے محرومی ہو سکتی ہے۔