کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مندی برقرار رہی، کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس انچاس پوائنٹس کمی کے بعد تیرہ ہزار سات سو آٹھ پوائنٹس پر بند ہوا۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں انڈیکس کاروبار کے آغاز سے اختتام تک مندی کی لپیٹ میں رہا، ٹریڈنگ کے دوران سیمنٹ، بینکس ، انرجی اسٹاکس میں شئیرزکی زبردست فروخت نے مارکیٹ کی مندی میں اضافہ کردیا اورانڈیکس سو سے زائد پوائنٹس تک گرگیا۔ کاروبارکے اختتام پر فرٹیلائزر اسٹاک میں ریکوری نے مارکیٹ کی مندی کو کم کیا اورمحدود ریکوری کے بعد ہنڈریڈ انڈیکس انچاس پوائنٹس کمی کے بعد تیرہ ہزار سات سو آٹھ پوائنٹس پربند ہوا۔ مجموعی کاروباری حجم چھ کروڑچھیتر لاکھ شئیرز رہا، حجم کے اعتبار سے ڈی جی خان سیمنٹ کے شئیرز میں سب سے زیادہ سودے ہوئے۔ بروکرز کا کہنا ہے کہ اس وقت مارکیٹ میں شئیرز کی فروخت کی بنیادی وجہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے شئیرز کی فروخت اور امریکا اور یورپ کی اسٹاک مارکیٹ کی مندی ہے۔ دوسری جانب لاہوراسٹاک مارکیٹ میں بھی آج مندی رہی۔ ایل ایس پچیس انڈیکس اٹھائیس پوائنٹ کی کمی کے ساتھ تین ہزار پانچ سو آٹھ پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں چھیانوے کمپنیوں کے پچیس لاکھ چھیاسی ہزار پچیس حصص کا کاروبار ہوا۔ گیارہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ،بتیس کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ ترپن کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔