ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی تخت نشینی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات اختتام پذیرہوگئیں۔ ملکہ نے بکنگھم پیلس کی بالکونی سے عوام کو دیدار کروایا۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی تخت نشینی کی ڈائمنڈ جوبلی کی اختتامی تقریب کے موقع پران کے خاوند پرنس فلپ علالت کی وجہ سے موجود نہیں تھے تاہم شہزادہ چارلس، کمیلا پارکر، ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم، ڈچز آف کیمبرج کیتھرین میڈلٹن اور شہزادہ ہیری ان کے ہمراہ تھے۔ ہزاروں کی تعداد میں برطانوی شہری محل کے اردگرد جمع تھے جنہوں نے برطانوی پرچم لہرا کر شاہی خاندان کا استقبال کیا۔ دیدارعام کے بعد برطانوی شاہی فضائیہ کے طیاروں اور ملکہ کے محافظوں نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس سے قبل ملکہ نے سینٹ پال کیتھیڈرل میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں آرچ بشپ آف کنٹربری نے ملکہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ دعائیہ تقریب کے بعد ملکہ لندن کے لارڈ میئرکی سرکاری رہائش گاہ مینشن ہاؤس میں منعقدہ ایک استقبالیہ میں شامل ہوئیں جس کے بعد انہوں نے شاہی بگھی میں بیٹھ کر اختتامی جلوس میں شرکت کی۔