معیشت کی بہتری کیلئے پاک فوج کا بڑا فیصلہ، رضا کارانہ طور پر دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ، وزیراعظم کا خیر مقدم
ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پاک فوج کا بڑا فیصلہ، پاک فوج نے رضاکارانہ طور پر دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔پاک فوج نے دفاعی اخراجات مؤخر کرنے اور فوج کے راشن، سفری اخراجات اور انتظامی اخراجات میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چیلنجز کے باوجود آرمی افسران نے تنخواہوں میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ خطرات سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت برقرار رکھیں گے، دفاعی بجٹ میں کٹوتی رضاکارانہ طور پر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بجٹ میں کٹوتی کے باوجود کسی صورت دفاعی اور سیکورٹی معاملات متاثر ہونے نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج داخلی اقدامات کے ذریعے بجٹ کٹوتی کو یقینی بنائیں گی، قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں ترقیاتی کام بہت ضروری ہیں۔