فلسطینی یہودی انتہا پسندوں کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں۔ الشیخ عکرمہ صبری
فلسطین کے ممتاز عالم دین علامہ الشیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ فلسطینی یہودی انتہا پسندوں کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنادیں۔انہوں نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسجد اقصیٰ کے ساتھ ربط اور تعلق قائم رکھیں ، فلسطینی شہری قبلہ اول کو تنہا کرنے کی قابض ریاست اور یہودی انتہا پسندوں کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران اندرون فلسطین کے شہریوں نے قابض ریاست اور یہودی آباد کاروں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے۔انہوں نے کہا کہ اندرون فلسطین کے فلسطینی باشندوں نے دو ماہ قبل اللد شہر کی مسجد عمری میں جمع ہو کر قابض صہیونی ریاست کیعزائم اور جرائم ناکام بنا دیئے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اندرون فلسطین کے باشندوں کو مسجد اقصیٰ میں آنے سے روکنے، نمازیوں کو گرفتار کرنے، ان پر تشدد ، ان کا تعاقب کرنے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے جن کی تمام ذمہ داری صہیونی ریاست پر عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں سے فلسطینی اراضی کی صورت حال اور عرب اور عالمی سطح پر یہ واضح ہوا ہے کہ ہم ایک امت ہیں اور ہم سب کو قابض ریاست کی سازشوں کا سامنا ہے۔