گوجرخان. جی ٹی روڈ بھائی خان پل کے قریب بس الٹ گئی
ضلع راولپنڈی کے علاقے گوجر خان میں جی ٹی روڈ بھائی خان پل کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے مابین خوفناک تصادم ہوا۔ جس کے نتیجے میں نو مسافر جاں بحق ہو گئے۔ افسوسناک حادثے میں پچیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بدقسمت بس بری امام سے زائرین کو لے کر واپس نارووال جا رہی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور دیگر امدادی اداروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ اور زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔ چند زخمی مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جن میں سے چھ انتہائی شدید زخمی مسافروں کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کی ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔