امریکا نے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی، ایرانی صدر کی فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلی فون پر گفتگو
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے کی پاسداری اور امریکا نے اس معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے صدر حسن روحانی نے فرانس کے صدر مینول ماکرون سے ٹیلی فون پرگفتگو میں تمام فریقوں کی جانب سے جوہری معاہدے کی پابندی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک دوسرے فریق جوہری معاہدے کی پابندی کرتے رہیں گے ایران بھی اس وقت تک اس کی پابندی کرتا رہے گا۔ایران کے صدر نے علاقائی مسائل کے بارے میںایران اور یورپ کے تعاون کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے تعاون کا جوہری معاہدے سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اہم نکتہ یہ ہے کہ یورپ کو چاہئیے کہ وہ جوہری معاہدے پر عمل در آمد کیلئے امریکہ کوصحیح راستے پر چلنے کی ترغیب دے۔گفتگو میں دونوں رہنماوں نے شام میں جاری کشیدگی اور بحران کو روکنے کے بارے میں بات چیت کی۔ فرانس کے صدرکہا کہ فرانس نے شروع سے جوہری معاہدے کی پابندی کی ہے اور جوہری معاہدے کے حوالے سے ازسرنو مذاکرات کا خواہاں نہیں ہے تاہم وہ ایران کے ساتھ دیگر معاملات پر گفتگو کرناچاہتا ہے۔