جون گائیڈو وطن واپس پہنچ گئے، گرفتاری کا خطرہ
جون گائیڈو نے دس دن کا لاطینی امریکی ملکوں کا دورہ کیا، جس کے بعد وہ وطن واپس پہنچے ہیں، خدشہ ہے کہ حکام کی جانب سے گرفتاری کے احکامات جاری کیے جاسکتے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ رواں سال 22 فروری سے خودساختہ صدر لاطینی امریکی ملکوں کے دورے پر تھے، عدالت عظمٰی کی جانب سے ان پر سفری پابندی بھی عائد ہے۔ دورے کا مقصد ملک میں جاری سیاسی بحران کے پیش نظر امداد حاصل کرنا تھا، جس کے لیے انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی اور ملکی صورت حال سے آگاہ کیا۔ وطن واپسی پر ایئرپورٹ پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی، جو اپوزیشن لیڈر کے حق میں نعرے بازی کررہی تھی، اس موقع پر جون گائیڈو کا کہنا تھا کہ ملک کی سالمیت اور بہتر مستقبل کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ دوسری جانب امریکا نے وینزویلا کی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ جون گائیڈو کی وطن واپسی پر ان کے خلاف کسی کارروائی سے باز رہے، بصورت دیگر سخت اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔