امریکا کا بھارت کو دیے گئے جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ
واشنگٹن: امریکا نے بھارت کو دیے گئے ( جنرلائزٹ سسٹم آف پری فرنسس) جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد بعض ممالک کو اشیاء پر ڈیوٹی فری حاصل ہے۔ امریکا کی جانب سے جی ایس پی کا درجہ تجارتی ایکٹ 1974 کے تحت دیا جاتا ہے جس کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی نمو کی بہتری لانا ہوتا ہے اور اس پروگرام پر یکم جنوری 1976 سے عمل کیا جارہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو دیے گئے جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے سے متعلق فیصلے سے خط کے ذریعے کانگریس کو آگاہ کردیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ امریکا سے تجارتی مفاد لینے کے لیے بھارت یقین دہانیاں کرانے میں ناکام رہا جب کہ بھارت اپنی منڈیوں تک امریکا کو رسائی دینے کی یقین دہانیاں کرانے میں بھی ناکام رہا ہے۔ امریکی تجارتی نمائندگان آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت اور ترکی جی ایس پی پروگرام سے باہر نکل چکے ہیں اس لیے وہ اس پروگرام سے مزید فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔