ہندو کمیونٹی سے متعلق توہین آمیز بیان: وزیراعلیٰ پنجاب نے فیاض الحسن چوہان سے استعفیٰ طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو ایوانِ وزیراعلیٰ طلب کیا جہاں ان سے غیر ذمہ دارانہ بیان پر استعفیٰ طلب کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کے اس سے قبل بھی صحافیوں کے ساتھ بدتمیزی کے معاملات اور متنازع بیانات سامنے آئے جس پر انہیں معافی مانگنی پڑی جب کہ تازہ بیان پر انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین کے تحت اقلیتوں کے برابر کے حقوق ہیں اور ان کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اطلاعات کی جانب سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد اسے وزیراعظم عمران خان کو بھجوایا جائے گا اور اس کی منظوری کا حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔