سندھ، سیلز ٹیکس وصولی میں 24.75 فی صد اضافہ
فروری میں خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی 7.58 ارب سے بڑھ کر 9.58 ارب تک جا پہنچی، رواں مالی سال 8 ماہ میں خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں 13.63 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی 68 ارب 59 کروڑ رہی، گزشتہ مالی سال اسی مدت میں خدمات پر سیلز ٹیکس 60 ارب 36 کروڑ وصول ہوا تھا۔ ریونیو بورڈ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی کا ہدف 125 ارب مقرر ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 25 فی صد زائد ہے۔ خیال رہے کہ ایف بی آر نے ملک بھر کے چھوٹے دکان داروں سے ٹیکس وصولی کے لیے ڈرافٹ تیار کیا تھا، جس کے مطابق چھوٹے دکان دار سال میں 2 بار ٹیکس ادائیگی کریں گے، اور ان کا کوئی آڈٹ نہیں ہوگا، چھوٹے دکان دار وِد ہولڈنگ ٹیکس وصولی کرنے کے پابند نہیں ہوں گے، دکان داروں کے لیے ویلتھ اسٹیٹمنٹ بھی فائل کرنا ضروری نہیں ہوگا۔