جوتیاں اٹھانے والا نہیں، غلط فہمیاں دور کر لی جائیں ،چوہدری نثار علی

سابق وزیرداخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہری نثار علی خان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی آزاد گروپ کا حصہ نہیں ہیں اور نہ ہی کسی کی جوتیاں اٹھانے والا ہوں، اور پارٹی کے ہر اس اجلاس میں شرکت کی جس میں مجھے مدعو کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ غلط فہمیاں دور کر لی جائیں، کیونکہ میں کبھی بھی کسی سے احکامات نہیں لیتا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی کیریئر کے دوران بڑے بڑے امتحان آئے لیکن وہ ثابت قدم رہے لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کو نہیں چھوڑا۔چوہدری نثار نے کہا کہ اگر حالات معمول کے مطابق ہوتے تو یہ پریس کانفرنس نہیں بلاتا، میں پاکستان کے عوام اور حلقے کے عوام سے کچھ بات کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کردوں کہ میں مسلم لیگ (ن) سے ناراض نہیں اور نہ ہی میرے کسی سے اختلافات ہیں، میں نے آج تک پارٹی سے کسی عہدے کا مطالبہ نہیں کیا نہ ہی پارٹی میں کوئی عہدہ رکھا۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ میں 34 برس سے نواز شریف کےساتھ ہوں، لیکن آج پارٹی میں میرے سوا کوئی بانی رکن نہیں ہے، اس کے علاوہ 70 فیصد لوگوں نے پارٹی چھوڑی اور دوبارہ اس کا حصہ بنیں۔جب پاناما لیکس شروع ہوا تو میں نے موقف اپنایا کہ ہم سپریم کورٹ نہ جائیں، اس کے بعد جب نواز شریف نے تقریر کا فیصلہ کیا تو میں واحد آدمی تھا، جس نے کہا تھا کہ آپ تقریر نہ کریں۔چوہدری نثار نے کہا کہ جب پاناما کیس کا فیصلہ آگیا، تو میں وزیراعظم ہاو¿س گیا اور کہا کہ ایسا کام کیا جائے، جس سے اسے استحکام ملے اور اب پورا زور انتخابات پر لگائیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست کوئی جنگ یا دنگل نہیں بلکہ سیاست اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر راستہ نکالنا ہے