شہباز شریف پاکستان واپس آئیں گے: ایاز صادق
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق نے شہباز شریف کی لندن سے واپس نہ آنے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان واپس آئیں گے۔ ایاز صادق نے جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پارلیمنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پاکستان واپس آئیں گے، پیپلز پارٹی کو اگر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نامزد کردہ نئی چیئرمین پر اعتراض ہوگا تو شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں صرف نواز شریف کا بیانیہ چلتا ہے، اللہ نواز شریف کو صحت دے کیونکہ ان کی صحت بالکل ٹھیک نہیں ہے۔ وزیراعظم کے ساتھ ڈیل سے متعلق ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان سے تو کوئی بات ہی نہیں کررہا، انہیں کون کہہ رہا ہے کہ ہم سے ڈیل کریں ان سے تو کسی نے ڈیل کا نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب کھل کر بتائیں کہ کس سے ڈیل مانگی جا رہی ہے حالانکہ جن کو خان صاحب ڈیل کا سنانا چاہتے ہیں ان کو بند کمرے میں بھی کہہ سکتے ہیں۔