وزیراعظم کی ترین اور شاہ محمود سے الگ الگ ملاقات، کشیدگی ختم کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کے درمیان سرد جنگ ختم کرانے کے لیے سرگرم ہوگئے اور اس سلسلے میں انہوں نے دونوں رہنماؤں سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور انہیں کشیدگی دور کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے حکومتی معاملات بھی زیر بحث آئے جب کہ وزیراعظم نے دونوں رہنماؤں سے صوبائی کابینہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کئی مرتبہ ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں اور تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی تھی جب شاہ محمود نے جہانگیر ترین کے کابینہ اجلاس میں شرکت پر سوال اٹھایا تھا۔