تحریک انصاف پنجاب کے ہر چھوٹے،بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے:وزیر اعلیٰ پنجاب
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے ، بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ ہم پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ پنجاب میں تمام بلدیاتی ادار وں کو تحلیل کر دیا گیا ہے اور ایڈمنسٹریٹرز کا تقرر کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عثما ن بزدار نے اٹک میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں صحت انصاف کارڈ پروگرام سے تقریباً70لاکھ خاندان اور تین کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ پنجاب کے 18اضلاع میں یہ اسکیم شروع ہو چکی ہے اور آج اٹک بھی شامل ہو چکا ہے اور اٹک کے ایک لاکھ 11ہزار خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی زندگی بسر کرنے والے لوگ جو مالی سکت نہیں رکھتے تھے وہ اپنے علا ج معالجہ سے محروم نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں خطہ پوٹھوہار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن کے 747ترقیاتی منصوبوں کے لئے حکومت پنجاب 157ارب روپے کی رقم فراہم کرے گی۔ اس میں 435منصوبے زیر تکمیل ہیں اور ضلع اٹک کے 90ترقیاتی منصوبوں پر 14ارب 12کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ صرف ہیلتھ انصاف کارڈ ہی نہیں دیگر صحت کے منصوبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اٹک میں 200بیڈ پر مشتمل ماں بچہ ہسپتال بنایا جائے گا اور اس کے ساتھ نرسنگ کالج کا بھی قیام کیا جائے گا اور یہ منصوبہ آئند ہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال اٹک، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال حضرو، فتح جنگ، حسن ابدال، جنڈ، پنڈی گھیپ کے تعمیرومرمت کے منصوبے نہ صرف مکمل کئے جا رہے ہیں بلکہ علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کے لئے جدید ترین طبی آلات فراہم کئے جا ئیں گے ۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو بااختیار بنانے کے لئے اور ایکپر وقار معاشرے کی تشکیل کے لئے بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت پنچائت کونسلر اور شہروں میں نیبرہوڈ کونسل قائم کی جائیں گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔ دیہات میں 22ہزار پنچائت ویلیج کونسل اور شہروں میں 183میونسپل کمیٹیاں بنائی جائیں گی اور40 ارب روپے سے زائد فنڈ ویلیج کونسلوں کے زریعہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیںگے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ان کا کہنا تھا کہ اٹک کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائیں گے۔