پنجاب حکومت کا مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کی مالی معاونت کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے باعث دیگر طبقوں کی طرح فنکاروں کو بھی مالی مشکلات کا سامنا ہے، پنجاب حکومت 3ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی اور مستحق فنکاروں کو 15 سے 20 ہزار روپے تک مالی امداد دیں گے،تحریک انصاف کی حکومت کو فنکاروں کی مشکلات کا پورا احساس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق فنکاروں کی انتہائی شفاف طریقے سے معاونت کریں گے،مالی مشکلات میں گھرے فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فنکاروں کی درجہ بندی کر کے انہیں جلد سے جلد امدادی رقم فراہم کی جائے گی اور مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ فنکاروں کا حق ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کیلئے مالی امداد کا پیکیج تیار کیا ہے۔