پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کر دیا
اسلام آباد: پاکستان نے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا ایسا کرنے سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ ذرائع کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعوے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو آگاہ کر دیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی دعوے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی ریاست متنازع علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان سے متعلق بھارتی دعویٰ کشمیر میں مظالم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرکی متنازع حیثیت تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات واپس لے جبکہ پابندیاں اور مواصلاتی بلیک آؤٹ ختم کیا جائے۔