وزیرخارجہ کی کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے اومان کے موثر اقدامات کی تحسین
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج اومان کے وزیر خارجہ یوسف بن علاوی بن عبداللہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور کورونا وائرس کی وباء اور اس کے اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے اومان کے موثر اقدامات کو سراہا۔انہوں نے اومان کے وزیر خارجہ کو پاکستان میں کورونا وئرس کی تازہ ترین صورتحال اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے اومان سے پاکستانیوں کی وطن واپسی پر اظہار تشکر بھی کیا۔وزیر خارجہ نے ترقی پذیر ملکوں کے لئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت دینے کے لئے عالمی اقدام کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی اپیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک بار پھر کہاکہ معاشی بحران سے نمٹنے اور مزید وسائل بروئے کار لانے کیلئے قریبی تعاون کی ضرورت ہے وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء میں ٹڈی دل کے حملے کے نقصانات کو بھی اجاگر کیا اور تحفظ خوراک کے لئے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نقل و حرکت پر عائد مسلسل پابندیوںاوردواؤں اور دوسری ضروری اشیاء تک رسائی نہ دیئے جانے کے باعث وہاں کورونا وائرس کے پھیلاؤپر تشویش ظاہر کی ۔انہوں نے بھارتی مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھلاؤ کا ذمہ دار قرار دئیے جانے پر بھی خدشات کا اظہار کیا اور کہا کہ عالمی برادری کو اسے مسترد کرنا چاہئے ۔اومان کے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔