کرونا وائرس کی تیسری لہر: پاکستان میں پھیلنے والی قسم کون سی ہے؟
لاہور: حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق سے علم ہوا ہے کہ پاکستان میں چین کے شہر ووہان سے آنے والا کرونا وائرس ختم ہوچکا ہے اور اس کی جگہ اب وائرس کی دوسری قسم پھیل رہی ہے جو برطانیہ میں سامنے آئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کنسلٹنٹ وائرولوجسٹ پروفیسر وحید الزمان اور ان کی ٹیم کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق کے مطابق برطانوی وائرس صوبہ پنجاب میں 97 فیصد تک پھیل چکا ہے۔ تحقیق میں کہا گیا کہ پنجاب میں جنوبی افریقہ سے آئی کروناوائرس کی قسم 2 فیصد پھیل چکی ہے۔ پروفیسر وحید الزمان کا کہنا ہے کہ پہلے ایک شخص 2 افراد میں وائرس منتقل کرتا تھا، اب ایک شخص 5 یا 10 افراد کو منتقل کر رہا ہے۔ وائرس کی قسم بچوں کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے گزشتہ ماہ 23 ہزار سیمپلز پر تحقیق کی، تحقیق سے پتہ چلا پہلی لہر میں وائرس کی جو قسم تھی اب وہ نہیں، لاہور اور گرد و نواح میں بھی ووہان ٹائپ کا وائرس نظر نہیں آیا۔