عمان میں پاکستان اور انڈیا سمیت 14 ملکوں سےپر پابندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع
سلطنت عمان نے پاکستان اور انڈیا سمیت 14 ممالک سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کی ہے۔ یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ عمانی خبررساں ادارے کے مطابق انسداد کورونا اعلی کمیٹی نے سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سرالیون، ایتھوپیا، برطانیہ، انڈیا، پاکستان اور بنگلہ دیش سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع کی ہے۔ایسے کسی بھی ملک سے آنے والے ان افراد کے داخلے پر بھی پابندی ہوگی جو ان ممالک میں گزشتہ 14 روز کے دوران گزرے ہوں گے ۔عمان نے مصر اور فلپائن سے آنے والوں کے داخلے پر پابندی میں بھی توسیع کی ہے- اس سے عمانی شہری، سفارتکار، صحت اہلکار اور ان کے اہل و عیال مستثنی ہوں گے۔ علاوہ ازیں عراقی حکومت نے 12 سے 22 مئی تک دس روز کے لیے ملک میں مکمل کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔