پارلیمنٹ کا قانون سازی کا حق چھینا نہیں جا سکتا: تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اور تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت وسلامتی اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ .جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت چیلنجز سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور پاکستان مشکلات سے نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے، عوام اور ملک کی بہتری کا مطلب یہ ہے کہ نظام آئین کے مطابق چلایا جائے۔آئین کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ سب کو قانون اور آئین کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا قانون سازی کا حق آئین میں دیا گیا ہے اور یہ حق چھینا نہیں جا سکتا، اس وقت پارلیمنٹ اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا اوراپوزیشن رہنماؤں کو من گھڑت مقدمات میں جیلوں میں ڈالا ، اپوزیشن کے ارکان پر ظلم کیا گیا، بیماری میں بھی نہیں بخشا گیا اور عید کے دنوں میں خواتین کو گرفتار کیا جاتا تھا اور کسی کو پرواہ نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ اب دوسروں کو ایک ساتھ درجنوں مقدمات میں تیزی سے ضمانتیں مل رہی ہیں اور یہ سب دوہرا معیار ظاہر کرتا ہے جسے کسی نے پسند نہیں کیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ بہتر حکومتی پالیسیوں کے باعث اس سال گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل کی گئی۔