چوتھا ون ڈے: بابر اعظم کی سینچری، پاکستان کا نیوزی لینڈ کو 335 رنز کا ہدف
پاکستان نے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں نیوزی لینڈ کو335 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اس میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک روزہ میچز میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 36 رنز پر گئی۔ فخر زمان 14 رنز بنا کر میٹ ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شان مسعود نے 44 رنز سکور کیے لیکن وہ اِش سوڈھی کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان اس میچ میں محض 24 رنز ہی بنا سکے اور رن آؤٹ ہو گئے۔ آغا سلمان نے 46 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد وہ میٹ ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے 28 رنز بنائے لیکن وہ بھی میٹ ہینری کا شکار بن گئے۔ کپتان بابر اعظم 117 گیندوں پر 107 رنز بنا کر ایک روزہ میچز میں تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ 28 سالہ بیٹر نے نے 99 ایک روزہ میچز کی 97 اننگز کھیل کر یہ رکارڈ اپنے نام کیا اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے 104 میچز کی 101 اننگز میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔ پاکستان کو پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے فخر زمان کی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے ہرایا۔ پاکستان نے 337 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔ پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے ہرا کر پانچ میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ پاکستان نے 2011 کے بعد پہلی بار نیوزی لینڈ ایک روزہ میچز کی سیریز میں شکست دی۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر نیوزی لینڈ کو 288 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے وہ پورا نہ کر سکا۔